کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہاہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا فیوژن فارمولا پاکستان کے لئے’’ ون ون‘‘ صورتحال کے مترادف اور کرکٹ کے لئے بہتر ہے لیکن کروڑوں پاکستانیوں کی طرح میری بھی خواہش تھی کہ پورا ٹورنامنٹ پاکستان میں ہوتا۔ جمعرات کو وسیم اکرم نے کہا کہ ویرات کوہلی، روہت شرما، رشبھ پنت اور بمرا کے لاکھوں مداح انہیں پاکستان میں ایکشن میں دیکھنا چاہتے تھے۔ ادھر سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا کہ2016میں ہمیں بھارت میں بڑی محبت ملی تھی اگر بھارتی ٹیم پاکستان آتی تو انہیں پاکستان کی میزبانی انجوائے کرکے مزہ آتا ، بھارتی کھلاڑی پاکستان آتے تو پتا چلتا ان سے لوگ کتنا پیار کرتے ہیں ۔ ویرات کوہلی آتے تو ان کی اپنےگھر میں دعوت کرتا۔