کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کے طلباوطالبات کسی سے ذہانت میں کم نہیں ہیں،مواقع فراہم کئے جائیں توملک وقوم کانام روشن کریں گے، بلوچستان کے طلبا وطالبات میں ٹیلنٹ کی کمی نہیںوہ تمام شعبہ ہائے زندگی میں قومی اور بین الاقوامی فورم پر مقابلہ کرنیکی بھرپور صلاحیتیں رکھتے ہیں ، تعلیم خوشحال مستقبل اور ترقی یافتہ معاشرے کی ضامن ہے،یہ کہنا ہے قلعہ سیف اللہ سے تعلق رکھنے والے طالب علم اکرام اللہ کاجنھوں نے 2022کے سیلاب کے موقع پر اس وقت کے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف سے علاقے میں تعلیم فراہم کرنے کی بات کی ،انہوں نے کہاکہ سیلاب سے وہ بے گھر ہوگئے تھے، وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے جب ان کے علاقے کادورہ کیاتو انہوں نے تعلیم کی فراہمی کامطالبہ کیاتھا، کیونکہ ہماراعلاقہ آج بھی پسماندہ ہے ،اکرام اللہ نے وزیر اعظم سے کہاتھاکہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرناچاہتے ہیں ،تاکہ مستقبل میں وہ ملک، صوبے اور اپنے علاقے کےلوگوںکے لئے کام آسکیں،اور ملکی ترقی میں مثبت کردار ادا کرسکیں، ، وزیر اعظم نے انھیں لارنس کالج گھوڑا گلی مری میں داخلہ دلوایا،انہوں نے بتایاکہ اب انھیں وہاں دوسال ہوچکے ہیں ،اور نویں جماعت میں پچانوے فیصد نمبر حاصل کئے ہیں ،انہوں نے بتایاکہ انہوں نے وزیر اعظم سے دوبارہ ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی ،جس پر وزیر اعظم نے انھیں وقت دیا، اس ملاقات میں انہوں نے اپنے علاقے میں تعلیمی ادارے کی مانگ کی تھی تاکہ یہاں کے طلبا کو بھی اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم ہوسکیں ، اعلیٰ معیار کی تعلیم حاصل کرنا بلوچستان کے ہر بچے کا بنیادی حق ہے،، جس پراکرام اللہ کے مطابق وزیر اعظم نے ان کےعلاقے کے لئے دانش اسکول منظور کیاہے ،جو مسلم باغ میں بنے گا،انہوں نے بتایا کہ اساتذہ نے انکی بے انتہا مددکی ،میٹرک کے بعدانٹر لارنس کالج سے کرنے کاارادہ ہے ،اس کے بعد وزیر اعظم نے اس بات کایقین دلایاہے کہ اگر آپ کے نوے فیصد نمبر آتے ہیں تو آپ کو ملک سے باہر اسکالر شپ پر بھیجا جائے گا، میری آکسفورڈ جانے کی خواہش ہے ،اکرام اللہ نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے اپیل کہ لارنس کالج میں بلوچستان کی صرف چار نشستیں ہیں جنھیں بڑھایاجائے ،اور کم از کم ان کی تعداد دس گیارہ تو ہو،تاکہ یہاں کے ہونہار طلبا بھی معیاری تعلیم حاصل کرسکیں ،انہوں نے طلبا وطالبات کو پیغام دیتے ہوئے کہاکہ زندگی میں کبھی ہار نہ مانیں ،جو نعمت ہمارے پاس ہے اس کاشکر ادا کریں ،تعلیم کاموقع ملا ہے ،اس سے فائدہ اٹھائیں ۔