کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)نیشنل پارٹی کے مرکزی لیبر سیکرٹری داد محمد بلوچ نے حکومت کی جانب سے ملک بھر میں سرکاری ملازمین کی گریجویٹی و پنشن ختم ، سرکاری اداروں کی نجکاری ، عمر کی بالائی حد 60 سال سے کم کرکے 55 سال کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملازمین پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، ان کا کوئی پرسان حال نہیں ، یہ بات انہوں نے پارٹی دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے اقتدار میں آنے کے بعد عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو پس پشت ڈال کر مہنگائی اور بے روزگاری کا بوجھ روز بروز بڑھاتے جارہے ہیں جس طرح ملک بھر میں سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کے بعد گریجویٹی و پنشن ختم ، سرکاری اداروں کی نجکاری کرکے ملازمین کو بے روزگار کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے اس کی مذمت کرتے ہیں ، سرکاری ملازمین کے لئے عمر کی بالائی حد 60 سال سے کم کرکے 55 سال کرنا یہ تمام اقدامات غریب ملازمین اور پسے ہوئے عوام کا گلہ گھونٹنے اور ان سے جینے کا حق چھیننے کے مترادف ہے جس کی ہم مذمت کرتے اور اس کے خلاف پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر آواز بلند کریں گے ۔