کراچی(نصر اقبال/اسٹاف رپورٹر) پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن اور اسپورٹس بورڈ کے درمیان دوبارہ کشیدگی بڑھ گئی، پی ایس بی نے پی او اے انتخابات کیلئے ووٹرز لسٹ پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان میں ڈوپنگ کے سبب معطل فیڈریشن مثلاً ویٹ لفٹنگ فیڈریشن بھی شامل ہیں۔ پابندی کے باوجود باکسنگ فیڈریشن کو ووٹنگ کا حصہ بنانا غیر قانونی ہے، پی ایس بی نے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی اور اولمپک کونسل آف ایشیا کو خط میں کہا ہے کہ پی او اے نے ایتھلیٹکس اور سائیکلنگ فیڈریشن کو نظر انداز جبکہ غیر قانونی فیڈریشنوں کو ووٹ دینے کا حق دیا ہے۔ تیر اندازی، باڈی بلڈنگ اور رسہ کشی فیڈریشنوں کو پی ایس بی تسلیم نہیں کرتا مگر وہ فہرست میں شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت پی او اے اور فیڈریشنوں کے معاملات میں مداخلت کررہی ، اس قسم کے اقدام سے معطلی کی صورت میں کھلاڑیوں کی عالمی مقابلوں میں شرکت کو بریک لگ سکتا ہے۔