• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور‘بجلی اور گیس مسائل نے عوام کا جینا محال کردیا

پشاور ( وقائع نگار )صوبائی دارالحکومت پشاور کے متعدد علاقوں میں بجلی اور گیس مسائل نے عوام کا جینا محا ل کردیا ہے ۔بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ نے گھریلو صارفین اور عام شہریوں کو عذاب میں مبتلا کردیااور رہی سہی کسر سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ نے پوری کردی۔کینٹ اور سٹی میں بجلی لوڈشیڈنگ کا ایسا بے ترتیب سسٹم لاگو ہوا ہے جس سے کسی کو پتہ نہیں کہ کس ٹائم لوڈشیڈنگ اور کس ٹائم بجلی موجود رہتی ہے۔ اس بے ترتیب نظام کی وجہ سے عام شہری عذاب میں مبتلا ہیں۔ صوبائی حکومت اور حلقہ ایم پی ایز بھی اس جانب توجہ نہیں دے رہے جس سے مسائل گھمبیر ہوتے جا رہے ہیں۔کینٹ اور سٹی کے متعدد علاقوں میں بجلی لوڈشیڈنگ کے لئے دورانیہ تین گھنٹوں بعد ایک گھنٹے کے لیے ہوتا تھا تاہم اب اس شیڈول کو الٹا کرکے تین گھنٹے لوڈشیڈنگ اور ایک گھنٹہ بجلی فراہم کی جا رہی ہے، اور اس میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہتی ہے۔ پیسکو کی طرح محکمہ سوئی گیس والے بھی شتر بے مہار کی طرح اپنی مرضی پر اتر آئی ہے، کسی کو پتہ نہیں کہ گیس نے کب آنا ہے، علیٰ الصبح سے گیس غائب ہو تو دوپہر کو بھی نہیں آتی، جس سے گھریلو صارفین شدید مشکلات کا شکار ہیں، ایسے میں ستم بالائَے ستم گیس فراہمی سے ہی محکمہ اکثر انکار کر دیتا ہے۔پشاور میں بجلی اور گیس مسائل نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ، ان حالات میں شہریوں نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سے اصلاح احوال کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کس جرم کی سزا دی جا رہی ہے، شدید سردی میں گیس نہ ہونا الگ سے درد سر بنا ہوا ہے۔
پشاور سے مزید