پشاور (وقا ئع نگار )پشاور چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹریز کے کانفرنس ہال میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر داؤد سلیمی اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سید بشارت حسین سمیت دیگر محکموں کے افسران اور تاجر نمائندوں نے شرکت کی کھلی کچہری کا مقصد تاجروں کے مسائل کو براہ راست سننا، ان کے حل کے لئے فوری اقدامات باقی صفحہ9 نمبر1کا تعین کرنا، اور شہر میں تجارتی سرگرمیوں کو مزید فعال اور سہل بنانا تھا۔کھلی کچہری میں ٹریفک کے مسائل، تجاوزات کا خاتمہ، واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز پشاورکے بقایاجات کی وصولی، قیمتوں کی جانچ اور دیگر مسائل پیش کیے گئےتاجروں نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کی روانی میں رکاوٹوں اور تجاوزات کی وجہ سے کاروبار متاثر ہو رہے ہیں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں اور تاجروں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) نے واضح کیا کہ انتظامیہ تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے اور تمام متعلقہ محکمے تاجروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کھلی کچہری محض مسائل سننے کے لیے نہیں، بلکہ ان کے فوری اور مؤثر حل کے لیے ٹھوس اقدامات کا آغاز ہے۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ وہ تاجروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور شہر میں کاروباری ماحول کو مزید سازگار بنائیں۔تاجروں نے اس کھلی کچہری کو ایک مثبت قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے اقدامات سے نہ صرف مسائل کے حل میں تیزی آئے گی بلکہ انتظامیہ اور تاجر برادری کے درمیان باہمی اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔ اجلاس کے اختتام پر اس بات پر زور دیا گیا کہ اس طرح کی کھلی کچہری کا تسلسل برقرار رکھا جائے تاکہ تاجر برادری کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل کیے جا سکیں اور شہر میں ترقی کا عمل جاری رہے