• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی و مذہبی جماعتیں عوامی مسائل کے حل میں ناکام ہوگئیں‘ صادق اچکزئی

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)مظلوم اولسی تحریک پاکستان کے سربراہ حاجی صادق خان اچکزئی نے کہا ہے کہ سیاسی اور مذہبی جماعتیں عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہیں، عوام کا ان جماعتوں پر سے اعتماد اٹھ چکا ہے ، اسمبلیوں میں بیٹھے نمائندے عوام کے منتخب نہیں بلکہ عوام پر مسلط کئے گئے ہیں ، بلوچستان میں صنعتیں نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کا ذریعہ معاش بارڈر ٹریڈ سے وابستہ ہے، پاک افغان اورپاک ایران بارڈر بند کئے جانے کے باعث ہزاروں کی تعداد میں لوگ بے روزگار ہوگئے اوران کے گھروں میں نوبت فاقوں تک پہنچ چکی ہے ۔وفاقی اور صوبائی حکومت فوری طور پر بارڈر کھولنے کا اعلان کریں ،ایک ماہ گزرنے کے باوجود حکومت اور پولیس کمسن بچے مصور کاکڑ کو بازیاب کرانے میں ناکام ہیں، یہ بات انہوں نے منگل کو پشتونخوامیپ سریاب کے معاون سیکرٹری مقصود خان ، تحصیل معاون اسماعیل خان درانی ، پی ٹی آئی کے محمد ابراہیم اور نعمت اللہ خان کی اپنی اپنی جماعتوں سے مستعفی ہوکر مظلوم اولسی تحریک پاکستان میں شمولیت کے موقع پر کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر مظلوم اولسی تحریک پاکستان کے صوبائی صدر ایوب خان ، جنرل سیکرٹری حاجی سیلاب خان اچکزئی ، آغا جان ہمدرد ، حاجی نور محمد رخشانی و دیگر بھی موجود تھے ۔ حاجی صادق اچکزئی نے تحریک میں شامل ہونے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے تحریک صوبے میں مزید فعال اور منظم ہوگی ۔مظلوم اولسی تحریک نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کیلئے جدوجہد کررہی ہے اور عوام کو مایوس نہیں کرے گی ۔ ایک سوال پر حاجی صادق نے کہا کہ مظلوم اولسی تحریک نے عام انتخابات میں بھرپورحصہ لیا لیکن ہمیں دیوارسے لگایا گیا ۔قبل ازیں مقصود خان ، اسماعیل خان ، ابراہیم اور نعمت اللہ نے ساتھیوں سمیت اپنی اپنی جماعتوںسے مستعفی ہوکر حاجی صادق خان اچکزئی اور حاجی سیلاب خان اچکزئی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مظلوم اولسی تحریک میں شمولیت کا اعلان کیا ۔
کوئٹہ سے مزید