کوئٹہ ( پ ر)نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (این ای ایچ ای) ایچ ای سی تربیت پروگرام کی اختتامی تقریب بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز میں منعقد ہوئی ۔تربیتی پروگرام جو بی پی ایس(17 -18)کے یونیورسٹی انتظامی افسروں کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا۔ وائس چانسلر نے تربیت مکمل کرنے والے 30 شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔ پروگرام میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں منتظمین اور مضمون پیش کرنے والے ماہرین کو شیلڈز اور تحائف بھی پیش کیے گئے۔ پرو وائس چانسلر ڈاکٹر فریدہ کاکڑ، رجسٹرار سید اورنگ زیب، پروفیسر ڈاکٹر سید عبدالروف شاہ، پروفیسر ڈاکٹر دین محمد بنگلزئی (کنٹرولر آف امتحانات)، سینئر پروفیسرز، ڈینز، ڈائریکٹرز، فیکلٹی ممبران اور انتظامی عملے نے شرکت کی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیراحمدلہڑی نے تربیت کے دوران حاصل کردہ مہارتوں اور علم کو عملی طور پر دفتر کے کام میں استعمال کرکے پیشہ ورانہ کارکردگی کو بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ذاتی اور ادارتی ترقی میں مسلسل سیکھنے کے فیصلہ کن کردار کو اجاگر کیا۔پرو وائس چانسلر ڈاکٹر فریدہ کاکڑ نے شرکاء سے اپنی مہارت کو مزید بہتر بنانے اور جدید ترین بہترین طریقوں سے اپ ڈیٹ رہنے کے لیے ورکشاپس اور تربیت پروگراموں میں شرکت جاری رکھنے کی تاکید کی۔