کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی کا وفد چین کی حکومت کی دعوت پردورہ چین مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گیا، وفد میں بلوچستان کی نمائندگی پارٹی کی صوبائی انفارمیشن سیکرٹری کرن بلوچ نے کی۔ دورے کے دوران انہوں نے پاکستان اور چین کے تعلقات میں بلوچستان کے کردار اور ترقیاتی امکانات کو اجاگر کیا۔ دورے میں ان کی شرکت کو پارٹی اور صوبے کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔وطن واپسی کے بعد کارکنوں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دورہ چین انتہائی کامیاب رہا۔ سی پیک بلوچستان میں چین کا عظیم منصوبہ ہے ، اسکے علاوہ چین بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے،دورے کے دوران بلوچستان اور پاکستان کے حوالے سےچین کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پوری دنیا میں پاکستان کا مثبت چہرہ اجاگر کر رہی ہے، ہماری قیادت مختلف ممالک کیساتھ مضبوط تعلقات پر یقین رکھتی ہے، چین کیساتھ دوستانہ تعلقات میں بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لیکر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری تک ہماری قیادت نے اس سلسلے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔