تیر اہ (نمائندہ جنگ ، آن لائن )وزیرستان کے علاقے سرا روغہ اور تیراہ میں سکیورٹی فورسزکے آپریشن کے دوران 25خوارج ہلاک ہوگئے، ہلاک خوارج دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے،11کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے تھا ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سرا روغہ میں 24 اور 25 دسمبر کی درمیانی شب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن میں فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 13 خوارج ہلاک ہوئے، ہلاک خوارج سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے،علاقے میں خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں، صوبائی ایپکس کمیٹی اجلاس کے بعد وادی تیراہ میں سیکورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کردیا۔ آپریشن کے دوران 11 خوارج دہشتگرد مارے گئے۔ کئی ٹھکانے تباہ کر دئیے گئے۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق وادی تیراہ کےمختلف علاقوں پیر میلہ، زڑہ پخہ ، میدان سمیت مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کردیا ہے، ہلاک دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان حافظ گل بہادر گروپ سے ہے۔ سیکورٹی فورسز نے پیر میلہ میں کلیرنس کارروائی کے دوران 5 ڈیڈ باڈیز کو تحویل میں لیا ہے، جن کی شناخت ریاض ، فرمان ، قریشی اور فتح کے نام سے ہوگئی ہے۔ سیکورٹی فورسز نے 5 اہم چوٹیوں کو دہشتگردوں سے خالی کردیا ، آپریشن میں 5 بلوچ یونٹ کے جوان حصہ لے رہی ہے۔ کارروائی میں ڈرون گولے بھی استعمال کئے گئے۔