• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام دعوت دینے والا فرد لوگوں کو اپنے کردار سے گواہی دے، امیر العظیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکریٹری امیر العظیم نے کہا کہ عمل ہی دعوت کی سب سے مضبوط دلیل ہے، اس لیے ضروری ہے کہ اللہ اور اس کے رسولؐ سے جوڑنے کی دعوت دینے والا فرد لوگوں کواپنی شخصیت اور کردار سے گواہی دے، خدا کے بندوں کو خدا کے نزدیک لانے کا کام صبر آزما ہے اور طویل بھی، اس لیے داعی دین کو ہمیشہ ذاتی محاسبہ کرتے رہنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے تحت جامع مسجد طیبہ زمان ٹاؤن میں ایک روزہ فیملی تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع سے سیکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی،مولانا عطا الرحمن، امیر ضلع کورنگی مرزا فرحان بیگ،ٹاؤن چیئر مین لانڈھی عبد الجمیل خان، سابق امیر ضلع گلبرگ فاروق نعمت اللہ نے بھی خطاب کیا۔ اجتماع میں کارکنوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔امیر العظیم نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی سوسائٹی میں رائج عام معنوں میں روایتی سیاسی، مذہبی جماعت نہیں ہے، چند گوشوں اور رسومات تک محدود ہونے کے بجائے زندگی کے ہر شعبے میں اسلام کا غلبہ قائم کرنے کی عالمی تحریک ہے۔ بد قسمتی سے گزرتے وقت کے ساتھ یہ تصور اسلام لوگوں کی اکثریت کے ذہنوں سے نکل گیا ہے جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ دین دشمن بااثر طبقہ اشرافیہ زندگی کے اہم شعبوں پر فیصلہ کن طاقت کے ساتھ اقتدار پر قابض ہو کر من مانی کرنے لگا، آج ہمارے معاشرے میں دکھائی جانے والی بے چینی اور بد امنی کا واحد سبب اس طبقہ کی دین و دنیا میں پیدا کی ہوئی تقسیم ہے وقت کے ساتھ یہ تفریق مزید گہری ہو گئی ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید