لندن / لوٹن (شہزاد علی) میئر صادق خان نے بے گھر افراد کے بڑھتے ہوئے بحران کےپیش نظر بے گھر افراد کیلئے خیراتی اداروں کرائسز اور سینٹ منگوز کی کوششوں کو تقویت دینے کیلئے تین لاکھ پائونڈ فنڈز مختص کردیئے۔ یہ اقدام پورے موسم سرما میں، خاص طور پر تہوار کے موسم میں ہنگامی پناہ گاہ کی صلاحیت اور معاون خدمات کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کرناہے۔ وزیر ہاؤسنگ روشن آرا علی نے موجودہ ہاؤسنگ بحران کو عصری تاریخ میں شدید مسئلہ قرار دیا، انہوں نے اسے ایک ایک قومی معاملہ قرار دیتے ہوئےکہا کہ فراہم کردہ رقم کو تعطیلات کے دوران ہنگامی رہائش فراہم کرنے اور طویل مدتی رہائش کی حکمت عملی تیار کرنے کیلئے مختص کیا جائیگا۔ فنڈزبے گھروں کو اس قابل بنائیں گے کہ وہ ہوٹلوں میں اپنی عارضی رہائش کو چار ہفتوں تک بڑھا سکیں اور ان لوگوں کو محفوظ، پرائیویٹ کوارٹر فراہم کرے گا جو بے گھر ہونے کا سامنا کر رہے ہیں اور ان کے لیے موزوں امدادی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ مئیر صادق خان نے کہا ہے کہ پچھلی حکومت کی طرف سے مسلسل ہاؤسنگ بحران کے ساتھ عوامی خدمات میں کئی دہائیوں کی کمی کے نتیجے میں رہائش کی کمی اور بے گھری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور وہ اس نازک مسئلے کو حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہے ہیں ۔