کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے اپنے سویں میچ میں سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ کر دیا ہے۔جمعرات کو سماعت کے بعدانہیں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا ۔ وہ باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پہلے روز نوجوان آسٹریلین بیٹر کونسٹاس سے جان بوجھ کر ٹکراگئے۔ دنیا کے بڑے کرکٹرکی چھوٹی حرکت کو شدید تنقید کا نشا نہ بنایاجارہا ہے۔ آسٹریلیا انگلینڈ کے کرکٹرز اور عام شائقین انہیں تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔ جمعرات کو میلبرن میں کوہلی ٹیسٹ ڈبیو کرنے والے 19 سالہ آسٹریلوی اوپنر سیم کونسٹاس سے اُلجھ پڑے ۔ سیم کونسٹاس کے بھارتی بولر جسپریت بمرا کے خلاف غیر معمولی شاٹس کوہلی سے برداشت نہ ہوئے۔ انہوں نے کونسٹاس کا اعتماد اور توجہ ہٹانے کے لیے نہ صرف ان پر جملے کسے بلکہ جان بوجھ کر ٹکرا ئے۔ ری پلے ویڈیو کے مطابق 10ویں اوور کی آخری گیند کے بعد کونسٹاس واپس اپنی کریز پر آئے اسی دوران کوہلی دوسری طرف سے آتے ہوئے ٹکرا گئے۔ بعدازں سیم کونسٹاس نے کہا کہ شاید ہم دونوں جذباتی ہوگئے تھے، میں اپنے دستانے ٹھیک کر رہا تھا کہ اس دوران کندھے سے معمولی ٹکر لگی جس کا مجھے اندازہ نہیں ہوا تاہم کرکٹ میں ایسا ہوتا رہتا ہے۔ واضح رہے کی سیم کونسٹاس نے 65 گیندوں پر 60 رنز دو چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے بنائے ۔ انہوں نے جسمریت بمرا کی خوب پٹائی کی ۔