کراچی (جنگ نیوز) جنوبی افریقی فاسٹ بولر کوربن بوش ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی گیند پر وکٹ حاصل کرکے اسپیشل کلب کا حصہ بن گئے ۔ انہوں نے پاکستانی کپتان شان مسعود کو مارکو جانسن کے ہاتھوں تیسری سلپ پر کیچ کرایا۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی گیند پر وکٹ لینے والے 25ویں کرکٹر بن گئے۔ پاکستان کے سابق کپتان انتخاب عالم بھی اس فہرست میں شامل ہیں، انہوں نے کراچی میں1959-60 میں آسٹریلیا کےاوپنر کولن میکڈونلڈ کو آؤٹ کرکے یہ کارنامہ انجام دیا تھا ۔ 30 سالہ بوش نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر یادگار ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔ وہ جنوبی افریقا کے ریگولر پیسرز کی فٹنس مسائل کے سبب عدم دستیابی پر پروٹیز پلیئنگ الیون میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے تھے۔ انہوں نے مجموعی طور پر پہلی اننگز میں63 رنز دے کر چار وکٹ لیے۔