• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنچورین باکسنگ ڈے ٹیسٹ، بولرز نے بیٹرز کو پنچنگ بیگ بنادیا، پہلے دن 13 وکٹ گرگئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سنچورین میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پہلے دن فاسٹ بولرز نے بیٹرز کو پنچنگ بیگ بنادیا۔ پورے دن کے کھیل میں 13 وکٹ گر گئے۔ سپر اسپورٹ پارک میں پاکستان ٹیم 211 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، جنوبی افریقا نے تین وکٹ پر82رنز بنائے تھے اسے پاکستان کا اسکور برابر کرنے کے لئے مزید 129 رنز کی ضرورت ہے۔ ایڈن مارکرم 47 اور ٹمبا باووما 4 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ ہیں۔ خرم شہزاد نے زورزی کو دو اور ریان ریکلٹن کو 8رنز پر رضوان کا کیچ بنادیا۔ اسٹبس 9رنز بناکر محمد عباس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ جمعرات کو پیس بولنگ کیلئے ساز گار ، سیمنگ اور باونسی پچ پر جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی ٹیم چائے کے وقفے کے بعد پہلی اننگز میں 211رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔ کامران غلام نے 54 رنز بنائے۔ ڈین پیٹرسن نے61رنز دے کر پانچ وکٹ حاصل کئے۔ انہوں نے مسلسل دوسرے ٹیسٹ کی اننگز میں پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے کاربن بوش نے15اوورز میں63رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ایک وکٹ مارکو یانسن کو ملی ۔ پاکستان کا ٹاپ آرڈر بری طرح ناکام رہا۔ کم بیک کرنے والے بابر اعظم صرف 4 رنز بنا سکے ۔ اننگز کا آغاز صائم ایوب اور کپتان شان مسعود نے کیا۔ ون ڈے اور ٹی 20 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے صائم ایوب 14 اور کپتان شان مسعود 17 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ دونوں نے ایک گھنٹے مزاحمت کی اور36 رنز کا اضافہ کیا، نائب کپتان سعود شکیل بھی کریز پر زیادہ دیر قیام نہ کرسکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 14 رنز بنانے کے بعد وکٹ کیپر کو کیچ دے دیا۔ پاکستان نے16رنز کے اضافے کے بعد چار وکٹ گنوادیئے۔ 56 رنز پر 4 وکٹ گرنے کے بعد کامران غلام اور محمد رضوان نے اننگز کو آگے بڑھایا، کامران غلام 71گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 54 اور محمد رضوان 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے دو چوکے مارے۔ دونوں کی شراکت میں81رنز بنے۔ عامر جمال نے ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے28رنز بنائے۔ سلمان علی آغا نے34 گیندوں پر18رنز بنائے۔ نسیم شاہ کوئی رن نہیں بناسکے۔ آخری وکٹ پر محمد عباس اور خرم شہزاد نے دس اوور ز میں22رنز کا اضافہ کیا۔ خرم نے16گیندوں پر11 اور محمد عباس نے28 گیندوں پر10رنز بنائے۔ پاکستان نے وکٹ کو دیکھتے ہوئے 4 فاسٹ بولروں کھلائے، بابر اعظم کی بھی واپسی ہوئی ۔ عبداللہ شفیق پلیئنگ الیون میں جگہ نہیں بنا سکے۔ محمد عباس نے تین سال بعد کم بیک کیا۔

اسپورٹس سے مزید