اسلام آباد (طاہر خلیل)قومی اسمبلی نے ایم کیو ایم کے ایم این اے موہن منجیانی کے استعفے پر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے،متحدہ قومی موومنٹ کے رکن موہن منجیانی نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیدیا،موہن منجیانی نے اپنا استعفیٰ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو بھجوادیا جس میں وجوہات بتاتے ہوئے انکا کہناتھا کہ ذاتی مصروفیات کی وجہ سے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے رہا ہوں، موہن منجیانی متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی نشست پر سندھ سے اقلیتی رکن منتخب ہوئے تھے اس سے قبل موہن منجیانی پر بیرون ملک سفر کرنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی بتایا گیا تھا کہ ان پر سفری پابندی فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی کی جانب سے عائد کی گئی تھی، ڈاکٹر موہن منجیانی کا نام پی این آئی ایل لسٹ میں ڈال دیا گیا تھاایم کیو ایم پاکستان اور ڈاکٹر موہن کے درمیان تنازع سامنے آنے کے بعد الیکشن کمیشن نے جولائی میں انکے حق میں فیصلہ دیا تھا اور انکی پہلے معطل کی گئی رکنیت کو بحال کردیا تھاوہ ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر اقلیتی ایم این اے منتخب ہوئے تھے الیکشن کمیشن نے پارٹی کی جانب سے استعفیٰ بھیجنے پر رکنیت معطل کر دی تھی لیکن صورتحال میں اسوقت ڈرامائی موڑ آیا تھا جب الیکشن کمیشن کے فیصلے کے چند گھنٹے بعد ہی ڈاکٹر موہن نے میڈیا سے گفتگو میں استعفے کی تردید کرتے ہوئے کہا تھاکہ انکا مبینہ استعفیٰ ایم کیو ایم پاکستان کا منصوبہ تھا۔