کراچی( ثاقب صغیر )سندھ میں کچے کے علاقوں میں سال 2024میں 559پولیس مقابلوں میں 73ڈاکو ہلاک ہوئے،19پولیس اہلکار شہید ہوئے جبکہ 618افراد کو ہنی ٹریپ سے بچایا گیا۔ سندھ پولیس کی رپورٹ کے مطابق سال 2024 میں کچہ ایریا جن میں سکھر، گھوٹکی، کشمور اور شکارپور کے علاقے شامل ہیں میں پولیس نے 559 مقابلوں میں 73 ڈاکوؤں کو ہلاک، 120 کو زخمی جبکہ 378 کو گرفتار کیا۔سکھر میں 39، گھوٹکی میں 58، کشمور میں 215 اور شکارپور میں 247پولیس مقابلے ہوئے۔ سکھر میں 6، گھوٹکی میں 10، کشمور میں 24اور شکارپور کے کچہ کے علاقے میں پولیس کے ساتھ مقابلوں میں 33 ڈاکو ہلاک ہوئے۔مقابلوں کے دوران 19 پولیس اہلکار شہید اور 31 زخمی ہوئے۔ گھوٹکی میں 7، کشمور میں 7، شکارپور میں 4 اور سکھر میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوا۔پولیس کے مطابق رواں برس 618افراد کو ہنی ٹریپ سے بچایا گیا۔ شکارپور میں 243، کشمور میں 337، گھوٹکی میں 32 اور سکھر میں 6 افراد کو ہنی ٹریپ سے بچایا گیا۔پولیس نے کچہ کے علاقوں سے 436 مختلف اقسام کے ہتھیار بھی برآمد کیے۔