اسلام آباد (رانا غلام قادر)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن کو 48 گھنٹوں میں سندھ ہائیکورٹ سے حکم امتناع واپس لیکر سروس پرووائیڈر ایگریمنٹ کی تعمیل کا حکم دیدیا،چیئرمین کمیٹی نے رولنگ میں ہدایت کی کہ پرائیویٹ حج آپریٹرز وزارت مذہبی امور سے معاہدہ کریں، کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عطاء الرحمٰن کی زیرصدارت ہوا،سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر ذوالفقار حیدرنے بتایا پرائیویٹ حج آپریٹرز عدالت سے کیسز واپس لیں بصورت دیگر انکا کوٹہ ختم کردیا جائیگا، وزرات مذہبی امور میں پہلے 904 کمپنیوں کو پرائیویٹ حج کے حوالے سے رجسٹرڈ کیا گیا گزشتہ برس سعودی عرب کی ہدایت پر کمپنیوں کی تعداد 500سے کم کرکے162 کردی گئی اس سال سعودی عرب نے 2 ہزار حج کوٹہ فی کمپنی کردیا جو 46 کمپنیوں کو دیا گیا اگر معاملہ تاخیر کا شکار ہوا تو سعودی عرب پرائیویٹ کوٹہ منسوخ بھی کرسکتا ہے،چیئرمین کی رولنگ پر پرائیویٹ حج آپریٹرز کی تنظیم ہوپ کے نمائندےاجلاس سے اٹھ کر چلے گئے۔