لندن (پی اے) سائوتھ ایسٹ ویلز میں ایک سال کے دوران 2ملین پونڈ مالیت کی غیرقانونی ویپس اور تمباکو کی اشیا پکڑی گئیں،Gwent پولیس اور نیوپورٹ سٹی کونسل ٹریڈنگ اسٹینڈرڈ ز نے گزشتہ 15 ماہ کے دوران کم وبیش 330,000غیر قانونی سگریٹس اور 23,000ویپنگ ڈیوائسز پکڑیں، افسران کا کہناہے کہ جن مقامات پر چھاپے مارے گئے ان میں سے بہت سوں کا تعلق منظم جرائم سے تھا ،انھوں نے بتایا کہ غیر قانونی ویپس سے حاصل ہونے والی رقم اعلیٰ سطح پر مجرمانہ سرگرمیوں پر خرچ کی جاتی ہے ،اس کی وجہ سے نوجوانوں کی صحت پر پڑنے والے منفی اثرات کے بارے میں بھی خدشات کا اظہار کیاجاتارہاہے ،کیونکہ بعض ویپس میں بہت زیادہ نکوٹین جبکہ بعض میں بھنگ شامل ہوتی ہے۔ گزشتہ سال اکتوبر میں شروع کئے جانے والے آپریشن فائر کریسٹ کے دوران غیر قانونی ویپس اور تمباکو کی اشیا فروخت کرنے والی 50دکانیں او ر اسٹور بند کرادئے گئے،بند کرائی جانے والی دکانوں اور اسٹورز کی بڑی تعداد نیو پورٹ کے علاقے میں تھیں۔ان میں جعلی اور نقلی اشیا بھی غیرقانونی طورپر فروخت کی جاتی تھیں۔ چیف انسپکٹر اسٹیو وارڈن نے کہا کہ دیکھنے مین ویپس ایک معمولی سی خراب چیز ہے لیکن ایسا نہیں ہے اگر پکڑی گئی اشیاء کے 2ملین پونڈزمنظم جرائم کے گروہ کو مل جاتے تو اس کے ہماری کمیونٹی کے لوگوں پر بہت زیادہ منفی اثرپڑتا۔ویلز میں پولیس اور ٹریڈنگ اسٹینڈرڈز کی جانب ایک چھاپے میں بی بی سی کو بھی ساتھ رکھا گیا جب افسران نے نیوپورٹ میں ویپ کی ایک دکان کی تلاشی لی تو اس میں خفیہ شیلفس اورپچھلی جانب واقع کمرے سے درجنوں غیر قانونی ویپس برآمد ہوئیں ۔ ایک پولیس کمیونٹی سپورٹ افسر کلیئر منٹگمری برائون نے غیر قانونی سگریٹس اور ویپس کی سپلائی دوسری کسی بھی غیر قانونی شے کی فراہمی سے زیادہ ہے ۔انھوں نے کہا کہ یہ لوگ بہت چالاک ہوتے ہیں ایسی اشیا سامنے سجاکر نہیں رکھتے ،اب ہمیں یہ بہت ہی زیادہ چھپے ہوئے مقامات سے ملتی ہیں ،اس سلسلے میں پولیس افسران نے اس طرح کے چھاپوں کے دوران پیش آنے والے واقعات بھی سنائے اور بتایا کہ بعض اوقات ہمارے لئے یہ پتہ چلانا مشکل ہوتاہے کہ دکان یا چھپائی گئی غیر قانونی اشیا کی جگہ کا مالک کون ہے۔