• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مجلس وحدت مسلمین نے ریاستی جبر کے خلاف یوم سیاہ منایا

کراچی(اسٹاف رپورٹر) مجلس وحدت مسلمین نے ریاستی جبر کے خلاف آج یوم سیاہ منایا ہے، کراچی نمائش چورنگی پر مرکزی دھرنے کے مقام پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ حسن ظفر نقوی نے دیگر رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ پرامن دھرنوں پر انتظامیہ کی جانب سے تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ پریس کانفرنس میں علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن،، علامہ صادق تقوی، آغا علی رضوی سمیت دیگر موجود تھے، علامہ حسن نقوی نے کہا کہ پولیس نے حملہ کر کے قتل کرنے کوشش کی،نمائش سمیت تمام پر امن احتجاجی دھرنوں پر کریک ڈاؤن ریاستی جبر وطاقت کا استعمال کیا جس کی شدید مذمت کرتے ہیں ان تمام واقعات کی ذمہ داری وزیر اعلیٰ سندھ اورریاستی ادارے پر عائد ہوتی ہے،سندھ حکومت جواب دے مہلت مانگنے کے باوجود کس کے ایماں پر عباس ٹاون سمیت شہر کے مختلف دھرنوں پر طاقت کا استعمال وریاستی جبرکیا گیا،پر امن خواتین،بچوں سمیت بزرگوں اور جوانوں پر لاٹھی چارج،شیلنگ اور سیدھی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجہ میں ملیر میں ایک نوجوان شبیہ حیدر شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے اور نمائش چورنگی کے شرکاء دھرنا مولانا اصغر شہیدی سمیت 19نوجوانوں کی فوری ایف آئی آرکاٹ دی گئی جبکہ دیگر علاقوں میں بھی پر امن عمائدین کے خلاف مقدمات درج کیئے گئے، اور علاقوں میں چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کر کے آپریشن کیا گیا، سپریم کورٹ و ہائی کورٹ جائیں گے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ملت جعفریہ کے معصوم لوگوں پر گولی چلانے کا حکم دینے والے وزیر اعلی ٰمراد علی شاہ فی الفور مستعفی ہوں۔بے گناہ گرفتار افراد کو فوری رہا کیا جائے ،ایف آئی آر ختم نہیں کی گئی تو بلاول ہاؤس کے باہر احتجاجی دھرنہ دیا جائے گا ۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید