کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے ایف بی آر کی جانب سے سیلز ٹیکس رجسٹریشن معطل کرنے سے متعلق درخواست پر ایف بی آر سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے،عدالت نے سینئر وکلا رضا ربانی اور انور منصور خان کو معاونت کے لئے روسٹر پر طلب کرلیا، جسٹس عبد الرحمٰن نے ریمارکس دیئے کہ صرف غیر قانونی قرار دینا کیسے کافی ہوگا؟ اگر ساتھ ہدایات نہ ہوں تو یہ کیسے کام کرے گا؟ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ نے قرار دیا کہ ڈکلیئریشن ریگولر بینچ کا اختیار ہے، جسٹس عبد الرحمٰن نے ریمارکس میں کہا کہ اٹک سیمنٹ والا آرڈر عبوری ہے، اگر ڈیکلیریشن کے ساتھ ہدایات جاری کیں تو ہم اپنے اختیارات سے تجاوز کریں گے، انور منصور خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ مجھے ریگولر بینچ نے آئینی بینچ کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی، آئینی بینچ نے واپس ریگولر بینچ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی، جسٹس عبد الرحمان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ میری رائے میں صرف غیر قانونی قرار دینا کافی نہیں ہے، انور منصور خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ کوئی بھی وکیل اپنی آسانی کے لئے ریگولر یا آئینی بینچ کے سامنے کیس پیش کرسکتا ہے۔