• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانیوں اور بھارتیوں کے درمیان کزنوں جیسا رشتہ ہے: ہانیہ عامر

اداکارہ ہانیہ عامر — فائل فوٹو
اداکارہ ہانیہ عامر — فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر گزشتہ سال زندگی میں اللّٰہ کی جانب سے ہونے والی خاص عنایات، کیریئر میں ملی ترقی اور اس سے حاصل ہونے والی غیر معمولی شہرت پر شکر گزار ہیں۔

ہانیہ عامر نے سالِ نو کے آغاز پر امریکی ٹی وی سی این این کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے 2024ء کو اپنے لیے ایک ناقابلِ یقین سال قرار دیا ہے۔

اُنہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے اس خصوصی انٹرویو کا ایک ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ میں اپنی زندگی کے برکتوں اور ترقی سے بھرے ایک ناقابلِ یقین سال کے بارے میں سی این این کے نیو ایئر ایوو اسپیشل لایئو شو میں گفتگو کرنے کا موقع ملنے پر مشکور ہوں۔

اداکارہ نے کیپشن میں لکھا ہے کہ 2025ء اس سے بھی زیادہ محبت سے بھرپور، سبق آموز اور جادوئی ہو گا!

شو کے دوران میزبان ول رپلے نے سوال پوچھا کہ آپ 2024ء میں کس چیز کے لیے سب سے زیادہ شکر گزار ہیں؟

ہانیہ عامر نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں مداحوں کی جانب سے ملنے والی بے شمار محبت کی سب سے زیادہ مشکور ہوں۔

میزبان ول رپلے نے ان کی آنے والی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز کے بارے میں پوچھا تو اُنہوں نے کہا کہ تجربہ کار لوگوں کے ساتھ کام کرنا میرے لیے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے۔

دورانِ انٹرویو اُنہوں نے جنریشن زی کی نمائندگی کرنے کے دباؤ کے بارے میں بھی بات کی۔

ہانیہ عامر نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے جنریشن زی کی نمائندگی کرنے کا زیادہ دباؤ کبھی نہیں لیا، میں نے کبھی کسی کی نقل کرنے کے لیے خود کو تبدیل کرنے کی کوشش نہیں کی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ بس مجھے کام کرنے کا جو بھی اچھا موقع ملتا ہے میں اس سے بھرپور فائدہ اُٹھانے اور پوری ایمانداری سے اپنا کام کرنے کی کوشش کرتی ہوں۔

اداکارہ نے سرحد پار بھارت سے ملنے والی محبت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے درمیان دور کے کزنوں جیسا رشتہ ہے، ہمارے بہت سے طور طریقے ایک جیسے ہیں۔

اُنہوں نے سالِ نو پر اپنے مداحوں کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری دعا ہے کہ اس نئے سال سب کو بہت ساری محبتیں، صحت تندرستی اور کامیابیاں ملیں اور اس کے علاوہ میں یہ امید بھی کرتی ہوں کہ سب اس نئے سال کی بہت زیادہ صداقت کے ساتھ قیادت کریں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید