کوئٹہ (آن لائن)بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی فائنانس سیکریٹری و سابق ایم پی اے میر اختر حسین لانگو اور ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی و ضلعی صدر کوئٹہ غلام نبی مری کے اعزاز میں کلی دیبہ میں پارٹی کے سیکریٹری محمد ریحان بلوچ نے استقبالیہ چائے پارٹی کا اہتمام کیا اس موقع پر ضلعی جنرل سیکریٹری میر جمال لانگو، ضلعی سینئر نائب صدر ملک محی الدین لہڑی اور ضلعی ڈپٹی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر علی احمد قمبرانی سمیت پارٹی کے علاقائی دوستوں اور کارکنوں نے شرکت کی اس موقع پر پارٹی کے رہنماں نے حالیہ سیاسی بحران اور تنظیمی امور پر گفتگو کی اور موجودہ سیاسی صورتحال اور پارٹی کے بیانیہ اور موقف پر روشنی ڈالی اور سیاسی ذمہ داریوں پر بھی سیر حاصل بحث کی گئی انہوں نے کہا کہ بی این پی ایک نظریاتی اور فکری جماعت ہے جس کا ہر کارکن بلوچستان کی سرزمین سے مخلص ہے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اس جماعت کو مزید متحرک اور فعال رکھنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ تاریخ گواہ ہے کہ بی این پی وہ واحد جماعت ہے جس کی طویل قربانیوں کا ایک تسلسل ہے جنہوں نے ہمیشہ بلوچستان اور بلوچ قوم کے اجتماعی و قومی مفادات اور ان کے تحفظ اور یہاں پر بسنے والی اقوام کے درمیان امن آشتی اور بھائی چارگی کو فروغ دینے اور یہاں کے مسائل کو حل کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور جس کی سیاست پر مضبوط گرفت ہے۔ پارٹی نے ہمیشہ بلوچستان میں رونما ہونے والے انسانیت سوز واقعات، لاپتہ افراد کی بازیابی، مذہبی منافرت، انتہا پسندی، بنیاد پرستی اور ظلم و جبر کے خلاف آواز بلند کی ہے اور یہاں کے ساحل و وسائل اور واگ و اختیار کے حصول، پارلیمنٹ کی سپرمیسی، عوام کے حقیقی حق حکمرانی اور قومی شناخت کے لئے جدوجہد کی ہے اور کبھی بھی اصولوں پر سودا بازی نہیں کی اور جبر کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کیا ہے۔