بریڈفورڈ (نمائندہ جنگ) کاروباری شخصیت یونس چوہدری کو برطانیہ کا شاہی اعزاز ’’ایم بی ای‘‘ ملنے پر کمیونٹی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے خوشی اور فخر کا اظہار کیا ہے۔ کمیونٹی رہنماؤں اور سماجی شخصیات نے انہیں مبارک باد پیش کی اور ان کے کاموں کو سراہا ہے۔ ہوپ ویلفیئر ٹرسٹ کے وہاب چوہدری نے یونس چوہدری کی سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یونس چوہدری کا یہ اعزاز ہمارے لیے باعثِ افتخار ہے۔ ان کی کامیابی ہر اس فرد کے لیے مشعلِ راہ ہے جو اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے محنت کرتا ہے۔ سابق لارڈ میئر آف بریڈفورڈ راجہ غضنفر خالق، اعجاز فضل، پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور اور کاروباری شخصیت چوہدری حبیب سمیت دیگر شخصیات نے چوہدری یونس کے آفس جا کر انہیں شاہی اعزاز ملنے پر مبارک باد پیش کی اور گلدستے پیش کیے۔ اس موقع پر یونس چوہدری نے اپنی کمیونٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز میرے لیے باعثِ فخر ہے لیکن اس کے پیچھے میری کمیونٹی کی محبت اور تعاون شامل ہے۔ میں ان تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میرے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی سماجی خدمات کو جاری رکھیں گے اور معاشرے کی فلاح و بہبود کے لیے مزید کام کریں گے۔