پیرس (رضا چوہدری) فخر ایشیا شہید ذوالفقار علی بھٹو نے جب پاکستان کی قیادت سنبھالی اس وقت ملک دولخت ہو چکا تھا، 95ہزار فوجی دشمن کی قید میں تھے، شہید رہنما نے شملہ معاہدہ کرکے قیدی رہا کرائے، دشمن کے قبضہ سے پاکستان کے علاقے واپس لئے، ملک کو متفقہ آئین دیا۔ ذوالفقار علی بھٹو کے یوم پیدائش پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی یورپ کے صدر ڈاکٹر ارشاد علی کمبوہ اور خواتین ونگ کی صدر روحی بانو نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھٹو شہید نے پارلیمانی، جمہوری اور وفاقی طرز حکومت کی بنیاد رکھی، ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ایٹمی پروگرام خود مختاری اور سلامتی میں کلیدی حیثیت کا حامل ہے، شہید بھٹو نے صنعتی اور تکنیکی شعبے کو ترقی دی، شہید بھٹو کی مدبرانہ حکمت عملی کی وجہ سے 1974میں پاکستان نے اسلامی سربراہی کانفرنس کی میزبانی کی، زرعی اصلاحات اور محنت کشوں کی ترقی کے اقدامات نے لاکھوں زندگیاں بدل دیں؎ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو پاسپورٹ، قومی شناختی کارڈ دے کر ملک کے شہریوں کو شناخت دی۔ پاکستانی بیرون ممالک آئے جس سے پاکستان کی معیشت کو سنبھالا ملا۔