• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریڈ فورڈ: میرپور ہوائی اڈے کے قیام کیلئے کشمیری کمیونٹی کا اجلاس

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل) بریڈفورڈ میں آزاد کشمیر کے شہر میرپور میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قیام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس کا اہتمام راجہ محمد ایوب خان نے کیا ۔اجلاس میں برطانیہ بھر سے کشمیری کمیونٹی کے عمائدین نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد میرپور میں ہوائی اڈے کے قیام کے لیے حکومتی توجہ مبذول کرانا اور اس اہم منصوبے کے حق میں آواز بلند کرنا تھا۔ شرکاء نے حکومت پاکستان اور آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا کہ میرپور میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قیام کیلئے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے چاروں صوبوں میں بین الاقوامی ہوائی اڈے موجود ہیں، لیکن آزاد کشمیر جیسے خطے میں اب تک ہوائی اڈے کی سہولت فراہم نہیں کی گئی حالانکہ آزاد کشمیر کی دنیا بھر میں خصوصی اہمیت ہے۔ دوسری طرف مقبوضہ کشمیر میں تین ہوائی اڈے تعمیر کیے جا رہے ہیں اور ریلوے لائن بھی بچھائی جا رہی ہے جو کہ خطے کی ترقی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگی۔ اجلاس کے شرکاء نے یاد دلایا کہ 2011میں میرپور بین الاقوامی ہوائی اڈے کی منظوری دی گئی تھی لیکن تاحال کوئی عملی پیش رفت نہیں ہو سکی۔ کمیونٹی رہنماؤں نے حکومت پر زور دیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اس منصوبے پر سنجیدگی سے عمل کیا جائے۔ برطانیہ میں مقیم کشمیری کمیونٹی نے اس سلسلے میں دستخطی مہم جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا مزید یہ کہ برطانیہ کے مختلف شہروں میں کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں تاکہ اس مسئلے پر مزید آواز بلند کی جا سکے۔ اجلاس میں وقار مشتاق، چوہدری شباب، منیر خان پوری، سابق لارڈ میئر بریڈفورڈ رنگ زیب چوہدری، چوہدری خالد، عبدالجبار، چوہدری محفوظ ، راجہ مہتاب، امریز خان، شکیل مغل، جمیل حسین، اکمل شہزاد، ظاہر حسین ،حامد اور دیگر نے شرکت کی ہوئیں۔ انہوں نے میرپور میں ایئرپورٹ کے قیام کو آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا رہنماؤں نے کہا کہ میرپور میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کا قیام خطے کی ترقی، بیرون ملک مقیم کشمیریوں کے ساتھ روابط، اور معیشت کو فروغ دینے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر کے اس مؤقف کو مسترد کیا گیا کہ میرپور اور دیگر قریبی ہوائی اڈوں کے درمیان فاصلہ کم ہے۔ اجلاس کے اختتام پر رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری کمیونٹی متحد ہو کر اس مہم کو کامیاب بنائے گی۔
یورپ سے سے مزید