اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) سوئی ناردرن کے دائرہ اختیار میں جنوری 2025 کے جاری مہینے میں گھریلو شعبے کی جانب آر ایل این جی کا رخ 450 ایم ایم سی ایف ڈی تک بڑھ گیا ہے جو دسمبر 2024 میں 250ایم ایم سی ایف ڈی پر تھا، جو گیس سیکٹر میں گردشی قرضے میں مزید اضافے کا سبب بن رہا ہے کیونکہ موجودہ اوسط گھریلو ٹیرف 1250 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہے جبکہ آر ایل این جی ٹیرف 3600 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہے۔ گردشی قرضہ میں 2350 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کے نقصان کا ڈیلٹا ظاہر ہوگا۔ پٹرولیم ڈویژن کے سینئر عہدیدار نے دی نیوز کو بتایا کہ نومبر 2024 سے مارچ 2025 تک آر ایل این جی کو گھریلو سیکٹر میں موڑنے کی وجہ سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ 200 ارب روپے سے زیادہ لگایا گیا ہے جو گیس کے گرشی قرضہ میں ظاہر ہو گا اور اگر یہ گیس کمپنی کے ریونیو کی ضرورت کے مطابق ہو تو گیس ٹیرف میں بے تحاشہ اضافہ ہو گا۔ سوئی ناردرن کا کہنا ہے کہ ملکی طلب بڑھ کر 950 ایم ایم سی ایف ڈی ہو گئی ہے جس میں سے 450 ایم ایم سی ایف ڈی گھریلو صارفین کو فراہم کی جا رہی ہے۔ دسمبر کے مہینے میں گھریلو شعبے کو 250 ایم ایم سی ایف ڈی کی آر ایل این جی فراہم کی گئی۔