کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) رکن صوبائی اسمبلی شیخ زرک خان مندوخیل نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے نوجوانوں کو تعلیم، روزگار ، شہر کی ترقی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے شب و روز کام جاری ہے ، نوجوانوں کے لئے آئی ٹی سینٹر قائم کر کے انہیں مالی طور پر خودمختار بنایا جارہا ہے ، عوام کے مسائل کے حل کے لئے ہمارے دروازے 24گھنٹے کھلے ہیں ۔ یہ بات انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب پی بی 42کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں اور وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان حکومت نے کوئٹہ میں آئی ٹی سینٹر قائم کیا ہے جہاں نوجوانوں کو ای کامرس کی تربیت دی جارہی ہے جسے حاصل کرنے کے بعد ہر نوجوان اپنے خاندان کے لئے 50سے 60ہزار ماہانہ کما سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے گزشتہ 20سالوں سے کسی نے بھی شہر کے وسطی علاقوں کی بہتری کو ترجیح نہیں دی جس کی وجہ سے شہر کی حالت زار ہوچکی ہے پی بی 42سمیت کوئٹہ شہر میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے شب و روز کام جاری ہے شہر کی ٹوٹی ہوئی سڑکوں کی مرمت شروع کردی گئی ہے جہاں سیوریج کے مسائل ہیں انہیں حل کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لئے تمام محکموں میں میرٹ پر عملدآمد ضروری ہے تمام وزراء کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے تعلیم یافتہ، باہنر اور فرض شناس نوجوانوں کو ترجیح دیں تاکہ ہم انہیں معاشرے کا کار آمد شہری بنا کر ضائع ہونے سے بچا سکیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام بلخصوص نوجوان مایوس نہ ہوں ہم انکے تمام مسائل کو انکی دہلیز پر بتدریج حل کریں گے ۔