اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) 2024میں وفاقی بیورو کریسی کے افسروں کو گریڈ اکیس سے بائیس میں ترقی دینے والے ہائی پاور سلیکشن بورڈ کا اجلاس نہ ہونے کی وجہ سے گریڈ اکیس کے کئی افسران گریڈ 22میں ترقی کی خواہش لئے مدت ملازمت مکمل کرکے ریٹائر ہوگئے۔ ہائی پاور سلیکشن بورڈ کا اجلاس نہ ہونے کی وجہ سے گریڈ اکیس کے سینئر افسروں میں مایوسی اور اضطراب پا یا جا تا ہے ہائی پاور بورڈ کا آخری اجلاس مارچ2023میں ہواتھا۔22ماہ سے اجلاس نہ ہونے کی وجہ سے گریڈ بائیس کی 40سے زیادہ پوسٹیں خالی ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ذارئع کے مطابق پولیس سروس کے گریڈ اکیس کے آٹھ افسران 2024میں ریٹائر ہوگئے ۔ پو لیس سروس سے تعلق رکھنے والے جو 8 افسران گریڈ اکیس میں ریٹائر ہو گئے ان میں غلام رسول زاہد۔ احسان صادق۔۔ صابر احمد۔فلائٹ لیفٹنٹ (ر) محمد خالد خٹک ۔۔ اشتیاق احمد خان ۔ فیاض احمد دیو۔ سلطان علی خواجہ اورعبد القادر قیوم ۔ شامل ہیں۔