• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہری کو اغوا اور لاکھوں ڈالر لوٹنے کا واقعہ، سی ٹی ڈی کے کئی اہلکار ملوث

کراچی( اسٹاف رپورٹر )شہری کو اغوا کر کے 3لاکھ40ہزار ڈالر لوٹنے کے واقعہ کی تفتیش کا دائرکار کار وسیع کر دیا گیا ہے۔واقعہ میں ملوث سی ٹی ڈی اہلکاروں نے متاثرہ شہری کے اکاؤنٹ سے رقم کس کس کے اکاؤنٹ پر ٹرانسفر کی اس حوالے سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق تفتیش میں سی ٹی ڈی کے دیگر اہلکاروں کے بھی واردات میں ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔ دوسری جانب سی ٹی ڈی اہلکاروں کی ارسلان نامی شہری کی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ سے متعلق ایک اور فوٹیج بھی سامنے آئی ہے۔فوٹیج میں پولیس افسران سادہ لباس میں ملبوس ہیں ۔ایک پولیس موبائل اور تین اہلکار کو فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے۔اینٹی وائلنٹ کرائم سیل پولیس نے مزید پولیس اہلکاروں کی شناخت شروع کردی ہے۔واضح رہے کہ ارسلان نامی شہری نے منگھوپیر تھانے میں واقعہ کا مقدمہ درج کروایا تھا۔اے وی سی سی نے گزشتہ روز واقعہ میں ملوث پولیس اہلکار سمیت 7ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔اس سے قبل بھی سی ٹی ڈی اہلکار اغوا برائے تاوان کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہو چکے ہیں تاہم ہر بار اہلکاروں کی قربانی دے کر افسران کو بچا لیا جاتا ہے۔گذشتہ برس بھی سی ٹی ڈی کے متعدد اہلکار شہریوں کو اغوا کر کے تاوان وصولی کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں اور کئی واقعات کی فوٹیجز بھی سامنے آئی ہیں تاہم ڈی آئی جی سی ٹی ڈی سمیت کسی بھی اعلیٰ افسر سے ان واقعات کے بعد جواب طلبی کی گئی نہ ہی انھیں عہدوں سے ہٹایا گیا۔
اہم خبریں سے مزید