• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک جماعت کا لیڈر کہتا ہے مجھے آزاد کرو ورنہ دھمکیاں دلواتا ہے، شرجیل میمن

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ایک جماعت کا لیڈر کہتا ہے کہ مجھے آزاد کروا، ورنہ پاکستان کو دھمکیاں دلوانا شروع کردیتا ہے، اس کی جماعت آئی ایم ایف کو پاکستان کی امداد روکنے کے لئے خط لکھتی ہے، یہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر سودے بازی کرنے کی کوشش کرتے ہیں، گزشتہ روز شہید ذوالفقار علی بھٹو کے حوالے سے سندھ اسمبلی میں پیش کی جانے والی قرارداد پر اظہار خیا ل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس پر جتنی بات کی جائے کم ہے، قائد عوام نے جو پاکستان بنایا وہ کچھ اور تھا ، ، آج پاکستان کے پاس آئین، قانون اور جو صلاحیت ہے تو وہ شہید بھٹو کی وجہ سے ہے ، جو و ژن قائد عوام کا تھا اس تک ہم آج تک نہیں پہنچ پائے ہیں، بہت سی چیزوں میں ہم بہت پیچھے ہیں وہ ساری چیزیں ہمیں ٹھیک کرنی ہیں، ساری چیزیں ٹھیک کرنے پر آئیں تو فلسفہ بھٹو کا چلے گا ۔ سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ 75 برس میں پیپلز پارٹی کے علاوہ ایک بھی سیاسی جماعت نہیں ہے جو کہہ سکے کہ ہم نے پاکستان کو کچھ ایسا دیا جس کو ہماری آنے والی نسلیں محفوظ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کی شکل بدلنے اور توڑنے کی کوشش کی گئی ، متعدد بار آئین توڑا بھی گیا، ڈکٹیٹروں نے جو سیاستدان ہم پر تھوپے انہوں نے بھی آئین توڑنے کی کوشش کی ، پاکستان میں آج بھی بھٹو جیسی کوئی شخصیت نہیں ہے، پاکستان کو مسائل سے نکالنے کے لیے شہید بھٹو جیسی ذہین شخصیت کی ضرورت ہے ۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شہید بھٹو کا پاکستان گولیوں، انتہا پسندی ، ثقافت کی بنیاد پر تصادم نہیں تھا، شہید بھٹو کے زمانے میں پوری دنیا سے لوگ تعلیم حاصل کرنے کے لیے کراچی آتے تھے ، بدقسمتی سے انتہا پسندی پیدا ہوئی اور ایسی جماعتیں بنائی گئیں جو نفرتیں پھیلاتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو کا وژن پوری دنیا کے اسلامی ممالک کو جوڑنا تھا، اس کی سزا کی پاداش میں قائد عوام کو سازش کے تحت جھوٹے مقدمے میں ان کا عدالتی قتل کر دیا گیا، اب سپریم کورٹ بھی کہتی ہے کہ انہیں انصاف اور فیئر ٹرائل کا موقع نہیں دیا گیا، بھٹو کو پھانسی نہیں پاکستان کے مستقبل ، ترقی، خوشحالی کو پھانسی دی گئی۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شہید بھٹو کے دیئے ہوئے ایٹمی پروگرام کی وجہ سے آج کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔
اہم خبریں سے مزید