• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹر کے امتحانات کی شکایت کمیٹی قائم

کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی سید شرف علی شاہ نے انٹرمیڈیٹ حصہ اول کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء کے سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، ہوم اکنامکس، کامرس پرائیویٹ اور آرٹس پرائیویٹ گروپس کے نتائج پر طلبہ کے تحفظات دور کرنے کیلئے سینئر پروفیسرزپر مشتمل بارہ رکنی انکوائری کمیٹی قائم کردی ہے۔ انکوائری کمیٹی میں سرکاری کالجز کے پرنسپلز سمیت تمام مضامین کے ہیڈ ایگزامنرز کو شامل کیا گیا ہے۔ انکوائری کمیٹی اسکروٹنی کیلئے جمع کروائے گئے پرچوں کی جانچ پڑتال کر کے طلباء کی شکایات درست یا غلط ہونے کا فیصلہ کرے گی۔کمیٹی اس کے ساتھ انٹرمیڈیٹ حصہ اول کے درج بالا گروپس کے امتحانی پرچوں میں سوالات کے عام فہم ہونے کا بھی جائزہ لے گی۔ انکوائری کمیٹی تمام کیسوں کا انفرادی طورپر جائزہ لینے کے بعد اکیس دن میں اپنی رپورٹ اور سفارشات چیئرمین انٹربورڈ کراچی کو پیش کرے گی۔
اہم خبریں سے مزید