کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزارت برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق (این ایف ایس آر) اور جامعہ کراچی میں قائم بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) کے ذیلی ادارے ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری کے درمیان پیر کے روز ایک معاہدہ طے پایا، جس کے تحت ڈپارٹمنٹ آف پلانٹ پروٹیکشن (این آر ایل-ڈی پی پی) کے لیے نیشنل ریفرنس لیبارٹری قائم کی جائے گی۔ یہ معاہدہ جامعہ کراچی میں آئی سی سی بی ایس میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران طے پایا، جس میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں وفاقی سیکریٹری این ایف ایس آر وسیم اجمل چوہدری، وفاقی سیکریٹری برائے صنعت و پیداوار سیف انجم، ڈائریکٹر جنرل پلانٹ پروٹیکشن وقاص عالم، جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی، سابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور پروفیسر ایمریٹس ڈاکٹر عطا الرحمن، آئی سی سی بی ایس کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین، سینئر مشیر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منصور اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔