ہر جانب شوبز انڈسٹری کے دو معروف دوست اور فنکار، اداکارہ کبریٰ خان اور اداکار گوہر رشید کی شادی کے چرچے ہو رہے ہیں۔
یاد رہے کہ 40 سالہ گوہر رشید اور 31 سالہ کبریٰ خان تاحال غیر شادی شدہ ہیں، ان فنکاروں سے متعلق کبھی کوئی افیئر بھی منظرِ عام پر نہیں آیا ہے۔
اس جوڑی کی شادی سے متعلق متعدد بار افواہیں زیرِ گردش رہی ہیں جن میں دعویٰ کیا جاتا رہا ہے کہ اداکارہ کبریٰ خان اپنے قریبی دوست گوہر رشید سے شادی کرنے والی ہیں۔
سوشل میڈیا پر انٹرٹینمنٹ سے متعلق خبریں شیئر کرنے والے پیجز سمیت متعدد فین پیجز پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ کبریٰ خان اور گوہر رشید آئندہ ماہ فروری میں شادی کرنے والے ہیں۔
دوسری جانب گوہر رشید کی جانب سے شیئر کی جانے والی انسٹاگرام پوسٹس بھی ان افواہوں پر تیل کا کام کر رہی ہیں۔
اداکار گوہر رشید ’میرے یار کی شادی ہے‘ کے ہیش ٹیگ کے ساتھ مختلف پوسٹس شیئر کر رہے ہیں جن میں دیگر فنکاروں کو ایک ساتھ کسی تقریب کی تیاری میں مصروف دیکھا جا رہا ہے۔
ان ویڈیوز سے متعلق سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ فنکار اس جوڑی کی شادی کی تقریبات کے لیے ڈانس پریکٹس کر رہے ہیں جبکہ کبریٰ خان اور گوہر رشید عنقریب ایک دوسرے کے ساتھ شادی کرنے والے ہیں۔
اب ان دعوؤں میں کتنا جھوٹ اور کتنی صداقت ہے، یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا مگر ان افواہوں سے اس جوڑی کے سوشل میڈیا پر مداح بے حد خوش نظر آ رہے ہیں اور جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔