• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعلیمی اداروں میں سیاسی سرگرمیوں پر پابندی ماورائے آئین ہے، غلام نبی مری

کوئٹہ(پ ر) بی این پی ضلع کوئٹہ کے صدر غلام نبی مری اور انفارمیشن سیکریٹری نسیم جاوید ہزارہ نے محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کی جانب سے تعلیمی اداروں میں سیاسی سرگرمیوں اور طلبا تنظیموں کی سیاست پر پابندی لگانے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ناروا عمل ناقابل برداشت اور ماورائے آئین اقدام ہے کیونکہ آئین میں شق نمبر 8 سے لیکر 28 تک آزادی تحریر و تقریر، انجمن سازی، سیاسی پارٹیوں کی تشکیل، سیاسی پروگراموں کے انعقاد اور انسانی حقوق کوتحفظ دیا گیا ہے بلوچستان حکومت کا یہ اقدام ان آئینی شقوں کے سراسر منافی ہے۔ محکمہ داخلہ کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ آئین کے منافی حکم نامہ صادر کرے جبکہ بلوچستان میں طلبا تنظیموں پر بین لگانے کی مخالفت سپریم کورٹ کی جانب سے بھی کی گئی ہے جو کہ ریکارڈ پر موجود ہے حکومت کا یہ غیر آئینی اقدام کسی بھی صورت میں قومی سیاست کے مستقبل کے لئے درست نہیں ہے کیونکہ آئندہ یہی نوجوان طبقہ اور طلبا و طالبات قومی اور سیاسی اداروں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمائندگی کے فرائض انجام دیں گے۔ بلا شک و شبہ تعلیمی ادارے، کالجز اور یونیورسٹیز میں طلبا تنظیمیں نوجوان نسل کے لئے بہترین تربیت گاہوں کی حیثیت رکھتی ہیں جن پر پابندی لگانا اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ طلبا کی سیاسی سرگرمیوں پر غیر آئینی پابندی کو فورا واپس لیا جائے بصورت دیگر بی این پی اس کے خلاف بھر پور آواز اٹھائے گی۔
کوئٹہ سے مزید