اسلام آباد (نیوز ایجنسی، جنگ نیوز) فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے لکی مروت کے علاقے کبل خیل میں اٹامک انرجی کمیشن کے 17 سرکاری ملازمین کو اغوا کرلیا، سکیورٹی فورسز نے 8 مغوی ورکرز کو بحفاظت بازیاب کرالیا، دیگر کی بازیابی کیلئے ریسکیو آپریشن جاری، میڈیا رپورٹ کے مطابق اٹامک انرجی کمیشن کے ملازمین کو بھتہ نہ دینے پر اغوا کیا گیا، خیبر پختونخوا پولیس کے ریجنل پولیس افسر (آر پی او) بنوں عمران شاہد نے برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے آٹھ ملازمین کو بازیاب کروانے کی تصدیق کی ہے۔ آر پی او بنوں عمران شاہد نے بتایا کہ جمعرات کی صبح مسلح شدت پسندوں نے ملازمین کو اسلحے کی نوک پر گاڑی سے اتار کر اغوا کر کے نا معلوم مقام کی طرف لے گئے تھے۔ کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) نے کارکنوں کے اغوا کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ ٹی ٹی پی نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے کارکنوں کو "کچھ مطالبات" منوانے کی غرض سے حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لئے اغوا کیا ہے۔