کراچی، اسلام آباد (نیوز ڈیسک، اسرار خان ، نیوز ایجنسیاں)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کو مطلع کیا گیا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کمپنی لمیٹڈ (پی آئی اے سی ایل) کی 45ارب روپے کی منفی ایکویٹی ختم کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ نجکاری کمیٹی نے پی آئی اے کی پرائیویٹائزیشن پر ہونے والے اخراجات کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں۔روزویلٹ ہوٹل کے حوالے سے کمیٹی کو بتایا گیا کہ ایک ذیلی کمیٹی نے اس کی نجکاری کے لیے نئی سفارشات تیار کی ہیں کمیٹی نے قومی ایئرلائن کے نقصانات کی وجوہات کے جائزہ کے لئے سحر کامران ایم این اے کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہےجو 30دن میں اپنی رپورٹ قائمہ کمیٹی کو پیش کرے گی، سیکریٹری نجکاری کمیشن کاکہنا ہے کہ ایچ بی ایف سی کے حتمی معاہدے پر اتفاق رائے ہو گیا ہے‘اب نجکاری بورڈ اور کابینہ کمیٹی سے منظوری لی جائے گی‘ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کی خریداری میں دلچسپی رکھنے والی پارٹی نے اہم شرائط پر اتفاق کر لیا ہے۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نجکاری کا اجلاس چیئرمین فاروق ستار کی زیر صدارت ہوا۔قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کو جمعرات کو مطلع کیا گیا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کمپنی لمیٹڈ (پی آئی اے سی ایل) کی 45 ارب روپے کی منفی ایکویٹی ختم کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کی جانب سے جاری ایک سرکاری ریلیز کے مطابق آئی ایم ایف نے ہوائی جہازوں پر 18 فیصد گڈز اینڈ سروسز ٹیکس (جی ایس ٹی) کو ختم کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔کمیٹی کو مزید آگاہ کیا گیا کہ آئی ایم ایف کی اہم درخواستوں پر منظوری، یورپی روٹس کے کھلنے اور قومی خزانے کو مزید نقصان سے بچانے کے لئے حاصل کردہ مثبت پیشرفت سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔