بارسلونا(جواد چیمہ )پاکستان فورم اسپین کے زیر اہتمام بارسلونا میں معروف لکھاری اور اداکار افتخار احمد عثمانی کی کتاب”چکڑ چھولے” کی تقریب رونمائی ہوئی۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت قاری عبدالرحمٰن نے حاصل کی جبکہ ہدیہ نعت قمربٹ جاتریہ نے پیش کیا۔ صدارت پاکستان فورم اسپین کے روح رواں سید ذوالقرنین شاہ نے کہ اور نظامت کے فرائض مرزا ندیم بیگ نے سر انجام دئیے۔ ”چکڑ چھولے” کی تقریب رونمائی میں استقبالیہ سید ذوالقرنین شاہ نے پیش کیا۔انہوں نے کتاب کے حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کتاب معاشرے میں بہتری لاتی ہے اور افتخار احمد عثمانی کی کتاب چکڑ چھولے اپنے صوفیانہ اور ناصیحانہ انداز میں معاشرے کی بہتری اور اقدار کو بڑھاوا دینے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے پاکستان فورم اسپین کے حوالہ سے کہا کہ یہ فورم تمام پاکستانیوں کا ہے اور اس میں آپ کو مکمل جمہوریت نظر آئے گی۔صدر کا انتخاب خفیہ ووٹنگ سے ہوتاہےاس فورم کا مقصد اسپین میں پاکستانیوں کی فلاح وبہتری ہے۔ تقریب سے شاعر محمد اشفاق،مسز سید ذوالقرنین شاہ،جوزفین کرسٹینا،پروفیسر طاہر عظیم،راجہ شفیق کیانی،جاوید مغل اور ڈاکٹر قمرفاروق نے خطاب کیا اور کتاب اور صاحب کتاب کے مختلف زاویوں پر روشنی ڈالی۔تقریب میں بچوں بڑوں میں مقبول پاکستانی ڈرامہ بلبلے کی معروف اداکارہ عائشہ عمر (خوبصورت)نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کتاب اور صاحب کتاب سے میری پہلی بالمشافہ ملاقات ہے لیکن میں بھائی افتخار کو بہت پہلے سے جانتی ہوں بہت اچھے لکھاری اور اداکار ہیں۔انہوں نے بارسلونا کو خوبصورت شہر قرار دیا اور کہا کہ یہ شہر میرا پسندیدہ شہر ہے اور میں کئی بار یہاں آچکی ہوں،یہاں کے لوگ بھی خوبصورت اور اچھے ہیں تعاون کرتے ہیں کسی قسم کا کوئی تعصب نہیں ہے،یہاں کے پاکستانی مہمان نواز ہیں اور محبت کرنے والے ہیں۔اس موقع پر کتاب کے مصنف افتخار احمد عثمانی نے کہا کہ کتاب "چکڑ چھولے" میں پیش کردہ خیالات انسانی جذبات کی عکاس ہیں۔کتاب"چکڑ چھولے"کا مخاطب پوری انسانیت ہے اور کتاب"چکڑ چھولے" سے بابا اشفاق احمد کی تعلیمات کی خوشبو آتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چکڑ چھولے بابا جی اشفاق احمد کے افکار کا تسلسل ہے۔ ،افتخار افی کا کہنا تھا کہ جو پیار اور مان مجھے بارسلونا میں ملا ہے وہ میں کبھی نہیں بھولوں گا۔ حلقہ بیت الادب کے ممبران شعراء نئیر اقبال نجمی ،میاں عبدالروف آرائیں،اعجاز ملک اور محمد اشفاق نے خصوصی شرکت کی اور معروف لکھاری اور اداکار افتخار احمد عثمانی سے ان کی کتاب”چکڑ چھولے”پر دستخط لئے ان کے علاوہ چوہدری سکندر حیات مانگٹ،حاجی اسد حسین،ایاز محمود عباسی،مرزا ندیم بیگ اور دیگر نے بھی کتاب پر دستخط لئے۔ پروگرام کی مناسبت سے پاکستان فورم اسپین کے روح رواں سید ذوالقرنین شاہ نے افتخار احمد عثمانی کو یاد گاری شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مسز ذوالقرنین شاہ اور دیگر بھی تھے۔