کراچی(اسٹاف رپورٹر) بھینس کالونی میں باڑے میں مبینہ طور پرجانوروں کی چوری کے لئےزہریلادودھ پلا کر باڑے کے ملازمین کو بیہوش کرنے والے5 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا ،تفصیلات کے مطابق سکھن تھانہ کی حدود بھینس کالونی ہفتہ کی شب بشیر احمد کے بھینس باڑہ سے زہریلا دودھ پی کر نیم بے ہوشی کی حالت میں ظہیر احمد ولد رفیق احمد شبیر احمد ولد محمد ہاشم منیر احمد ولد بشیر احمد اسد علی ولد عبدالمنان محمد صدیق اور مجیب ولد گل محمد کو جناح اسپتال منتقل کیا گیاتھا،پولیس نے واقعات کی تحقیقات کے دوران 5 ملزمان ہدایت اللہ، عبدالقدوس ، علی حسن ،ثناء بختیار اور عبدالرحیم کو گرفتار کرکےانکے قبضے سے بوسٹن انجیکشن، زہریلے کیمیکل اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا۔پولیس کے مطابق باڑے کے ملازمین نے نامعلوم ملزمان کے ساتھ مل کر دودھ میں زہر ملا کر جانوروں کو چوری کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ مبینہ طور پر جن کو دودھ پلایا گیا ان کو دودھ پلا کر بے ہوش کرکے منصوبہ بندی کرنے والے ملازمین نے واردات کرنی تھی۔ ایم ایل او رپورٹ کے مطابق دودھ میں زہر شامل تھا۔سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے بھی موقعہ سے دودھ کے سیمپیل اکھٹے کرلئے ہیں۔حراست میں لئے گئے ملوث افراد سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔