ملتان (سٹاف رپورٹر)میپکوریجن میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ڈسکو سپورٹ یونٹ میں شامل فورسز نے فرسٹ سب ڈویژن میلسی، جمال دین والی سب ڈویژن صادق آباداور فقیروالی سب ڈویژن بہاولنگر میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن کیا۔78لاکھ روپے سے زائد واجبات کی عدم ادائیگی پر 12ٹرانسفارمرز اُتارلئے گئے۔ 21بجلی چورپکڑے گئے۔ ایک بجلی چور موقع سے گرفتارکرلیاگیا۔ سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکووہاڑی سرکل وسیم اختر،ایگزیکٹو انجینئر آپریشن میپکو میلسی ڈویژن رانا تنویراحمد اور ونگ کمانڈر رینجرز کی زیرنگرانی فرسٹ سب ڈویژن میلسی کے زیر انتظام علاقوں بلوچاں والی، تھالو، ملک واہن اور قاضی کلرہ میں 31لاکھ روپے سے زائد واجبات کی عدم ادائیگی پر 4نادہندہ زرعی ٹیوب ویلوں کے کنکشن منقطع کردئیے گئے اور نادہندگان کے میٹرز، ٹرانسفارمرز اور تاریں اُتارکر قبضہ میں لے لیں جبکہ نادہندگان سے 2لاکھ روپے سے زائد واجب الادا رقم بھی وصول کی گئی۔آپریشن کے دوران ایک بجلی چور موقع سے پکڑاگیا جس کے زیر استعمال میٹر اور پی وی سی بھی اُتارلی جبکہ بجلی چور کوموقع سے گرفتار بھی کرلیاگیا۔ میپکوصادق آباد ڈویژن کی جمال دین والی سب ڈویژن کے زیر انتظام علاقوں،بستیوں واحد بخش جھلن، بستی کچاڈنگراں، بستی خیر محمد مسانی، بستی خواند بخش جھلن، بستی کرم حسین شاہ، بستی فتح محمد مسانی، بستی قادر بخش کورائی اور بستی عظیم بخش جھلن میں 47لاکھ22ہزارروپے سے زائد واجبات کی عدم ادائیگی پر12ٹرانسفارمرز اُتارے گئے جبکہ 20افراد کو ڈائریکٹ ایل ٹی لائنوں سے کنڈیاں لگاکر بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا۔ بجلی چوری کے سدباب اور نادہندہ زرعی ٹیوب ویلوں سے واجبات کی عدم ادائیگی پر مختلف استعدادکار کے ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز اُتارلئے گئے، ایس ڈی او فقیروالی سب ڈویژن کی سربراہی میں ٹیم نے مختلف علاقوں میں 5افراد کو ڈائریکٹ تاروں سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا۔ بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کے اندراج کے لئے درخواستیں بھیج دی گئی ہیں۔