ملتان (سٹاف رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ملتان، وہاڑی اور خانیوال میں ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں، فوڈ اتھارٹی ٹیموں نے ہوٹلز، سویٹس اینڈ بیکرز، کریانہ سٹورز سمیت متعدد فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن کی،،اس موقع پر حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے عائد، 15 کلو ایکسپائرڈ کنفیکشنری آئٹمز، 17 لٹر ایکسپائری مشروبات، 10 کلو ممنوعہ چائنہ نمک تلف کردیاگیا، تفصیلات کے مطابق ملتان میں بہاولپور روڈ نزد شاہ شمس تبریز انٹرچینج پر ہوٹل کو کھانوں کی تیاری میں ناقابل سراغ اور ممنوعہ اجزاء کی ملاوٹ پر 25 ہزار، 14 نمبر چونگی پر سویٹس اینڈ بیکرز کو بیکری آئٹمز اور مٹھائی کی تیاری میں ممنوعہ اجزاء کا استعمال کرنے پر 25 ہزار، مین ممتاز آباد مارکیٹ اور غوث اعظم روڈ سیوڑہ چوک پر 2 ریسٹورنٹس کو خوراک کی زمین پر سٹوریج، خوراک کو ڈھانپ نہ رکھنے، صاف پانی کا استعمال نہ کرنے پر 30، 30 ہزار روپے کے جرمانے عائد کردیے گئے۔ اسی طرح اڈہ رتہ ٹبہ وہاڑی میں 2 کریانہ سٹورز کو ایکسپائری کولڈ ڈرنکس اور کنفیکشنری آئٹمز فروخت کرنے پر 24 ہزار روپے اوراڈہ وجھیانوالا سبزی منڈی میں 2 کریانہ سٹورز کو ایکسپائری فوڈ آئٹمز فروخت کرنے، حشرات کی بھرمار، سٹوریج ایریا میں صفائی نہ ہونے پر مجموعی طور پر 20 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔