ملتان(سٹاف رپورٹر) ایڈیشنل انسپکٹر جنرل ساؤتھ پنجاب کامران خاں نے اختیارات کے ناجائز استعمال، ریٹائرڈانسپکٹر اور اس کے بیٹے پر تشدد کے الزام میں ایس ایچ او تھانہ شیخ فاضل انسپکٹر رؤف اقبال گجر کو ملازمت سے برطرف کرنے کا حکم جاری کر دیا، محکمانہ دستاویزات کے مطابق سب انسپکٹر رؤف اقبال گجر جب بطور ایس ایچ او تھانہ صدر وہاڑی تعینات تھے تو تب ان کے خلاف سابق پولیس افسر انسپکٹر (ر) ظہیر احمد بھٹی اور ان کے بیٹے راول ظہیر کے ساتھ بدسلوکی، تشدد اور غیر قانونی حراست میں رکھنے کی شکایت موصول ہوئی تھی، بعد ازاں اے آئی جی انویسٹیگیشن ساؤتھ پنجاب کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات میں الزامات درست ثابت ہوئے جب کہ رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ متاثرہ افراد کو غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا گیا اور ان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کیے گئے، انکوائری کے دوران متعلقہ افسر ویڈیو ثبوت اور تھانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پیش نہ کر سکا، محکمانہ کارروائی کے بعد پہلے مرحلے میں افسر کو تنخواہ میں کمی کی سزا دی گئی تھی تاہم بعد ازاں معاملے کا دوبارہ جائزہ لینے پر سزا ناکافی قرار دی گئی،چنانچہ اے آئی جی ساؤتھ پنجاب نے پنجاب پولیس رولز کے تحت سزا میں اضافہ کرتے ہوئے سب انسپکٹر رؤف اقبال کو فوری طور پر ملازمت سے برطرف کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔