ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈیرہ اڈہ سے بوہڑ گیٹ جانے والی سڑک پر مرکزی ڈاک خانہ کے سامنے حسن پروانہ روڈ پر نصب بجلی کا ٹرانسفارمر اچانک زور دار دھماکے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آگیا، عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ ٹرانسفارمر میں فوری طور پر آگ بھڑک اٹھی اور شعلے دور تک دکھائی دیتے رہے، آگ لگنے کے باعث سڑک کے دونوں اطراف ٹریفک جام ہوگئی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اطلاع ملنے پر متعلقہ عملہ اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور صورتحال کو قابو میں لانے کی کوششیں شروع کردیں، واقعے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم شدید آگ کے باعث ٹرانسفارمر مکمل طور پر جل کر تباہ ہوگیا، ٹرانسفارمر کے جلنے کے نتیجے میں پورے علاقے میں بجلی کا بریک ڈاؤن ہوگیا جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، حکام کے مطابق ٹرانسفارمر میں آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں جبکہ بجلی کی بحالی کے لیے بھی کام جاری ہے۔