کوہلو ( پ ر ) سابق سینیٹر وسابق صوبائی وزیر میر محبت خان مری نے بیان میں کہاہے کہ چمالنگ اور نوہے شم میں مری علاقوں کے کوئلہ کانوں میں دہشت گرد تنظیم کی جانب سے حملے کئے جارہے ہیں جس کا مقصد ہمارے علاقے کے لوگوں کو روزگار سے محروم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ بیس سال کے دوران چمالنگ پروگرام کے تحت چار ہزار بچوں کو تعلیمی وظائف دیئے گئے ہیں۔اب بھی سینکڑوں بچے ملک کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں۔کئی طلباء اس پروگرام کے تحت بیرون ملک پی ایچ ڈی کی ڈگری بھی حاصل کرچکے ہیں۔ان حملوں کا مقصد مری قبیلے کے تعلیمی شعور کے سامنے رکاوٹ ڈالنا ہے۔ان پڑھ اور معصوم لوگوں کو بہکا کر اپنے مفاد کے لئے استعمال کیا جارہاہے۔میر محبت خان مری نے کہا کہ اس اہم پروگرام میں پاک فوج نے ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے۔16سو مزدوروں اور ان کے بیوہ عورتوں اور بچوں کو ہر ماہ گیارہ ہزار روپے بطور تنخواہ دی جارہی ہے۔ملک کے مختلف حصوں سے سات آٹھ ہزار افراد وہاں برسرروزگار ہیں۔ان میں ٹرانسپورٹرز بھی شامل ہیں۔گزشتہ کئی دہائیوں سے ہمارے ترقیاتی منصوبوں کو سبوتاژ کیا جارہا ہے جس میں سڑکیں،بجلی کے پول اور موبائل ٹاورز کو نقصان پہنچا کر علاقے کے لوگوں کی ترقی کے راہ میں رکاوٹیںڈالی جارہی ہیں ہیں۔عام آدمی کوبیوقوف بنایا جارہا ہے اقتدار اور کرسی خود کےلیے حلال جبکہ عام مریوں کے لئے روزگار اور تعلیم کا حصول حرام ہے۔کوہلو کے عوام اس بات کے گواہ ہیں جب مجھے اقتدار ملا علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کے جال بچھا دیئے گئے تاریخی کوہلو سبی روڈ کی تعمیر جو کئی دہائیوں تک شروع ہی نہیں ہوسکی میں نے مکمل کرادی۔کوہلو میں لنک سڑکوں،ڈیمز،پچاس بیڈڈ ہسپتال کی تعمیر،بجلی کے گرڈ اسٹیشن اور کیڈٹ کالج کی تعمیر جیسے اہم منصوبے شامل ہیں۔عام مریوں کو بہکا کر ان کے وطن سے جلا وطن کیا گیا پھر جب واپس آئے تو ہم نے ان مریوں کا استقبال کیا ۔انہوں نے کہاکہ آج بھی مری قوم کےلیے شعوری جنگ لڑرہا ہوں میں اپنی قوم کو کسی کا کھلونا بننے نہیں دونگا۔