راولپنڈی (وسیم اختر ،سٹاف رپورٹر)20سال تک کنٹریکٹ پر رہنے کے بعدریگولرہونے والے پنجاب پولیس کے لیگل انسپکٹروں کی دوبارہ پولیس ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس میں تعیناتی کردی گئی ۔ذرائع کے مطابق 2004میں اس وقت کے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے100 لاء گریجویٹس کو لیگل انسپکٹر کے عہدے پر تین سالہ کنٹریکٹ پر پنجاب پولیس میں ملازمت دی تھی جنہیں صوبہ کے پولیس ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس میں تعینات کیاگیاتھا۔ بعدمیں مختلف اوقات میں ان کے کنٹریکٹس میں توسیع کی جاتی رہی لیکن انہیں ریگولرنہ کیاگیا،اس دوران 26لیگل انسپکٹر پنجاب پولیس کوخیرباد کہہ کردوسرے اداروں میں چلے گئے۔ آئی جی پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے حکم پر مذکورہ لیگل انسپکٹروں نے گزشتہ سال باقاعدہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے امتحان دیا ۔ بعدازاں امتحان پاس کرنے والے 65افسروں کو یکمجولائی 2024سے پنجاب پولیس میں ریگولر بیسزپر ملازمت دے دی گئی جب کہ امتحان میں ناکام رہنے والے 9افسروں کو بھی 5سال کاکنٹریکٹ دے دیاگیا۔ریگولر لیگل انسپکٹروں کو گزشتہ روز دوبارہ پولیس ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس میں تعینات کردیاگیا۔اس ضمن میں 13لیگل انسپکٹروں عبدالرؤف شیخ ،رضوان خورشید،فوزیہ حسن ،نسیم الطاف عباسی ،رانازاہد صدیق ،شائستہ جبین ،قاسم حسین ،تیمور خان شہزاد سلیم ،شمائلہ فاروق ،محمد شہزاد ،امجدعلی خان اور انسپکٹر لیگل محمدعارف بابرکی پولیس کالج سہالہ میں تعیناتی کے احکامات 14جنوری کو جاری کردئیے گئے ۔مذکورہ 13لیگل انسپکٹروں نے آئی جی پولیس پنجاب کی ہدایت پر ڈی ایس پی کے عہدے پرترقی کے لئے 4ماہ کاپروموشن کورس بھی کرلیاہے۔