کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت کی ترجمانی بہت بڑی ذمہ داری ہے ، حکومت سندھ چاہتی ہے کہ عوام کو حکومتی منصوبوں کے حوالے سے مکمل آگہی رہے،ہمیں لوگوں کی مثبت معلومات تک رسائی یقینی بنانا ہے ۔ یہ بات انھوں نے حکومت سندھ کے نئے تعینات ہونے والے ترجمانوں کا ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،اجلاس سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی صدارت میں ہوا۔ جس میں صوبائی حکومت کی مواصلاتی حکمت عملی کو بڑھانے اور عوامی تحفظات کو مؤثر طریقے سے دور کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں گنہور خان اسران، ہیر سوہو، نادر نبیل گبول، سکھدیو آسرداس ہیمنانی، بلند خان جونیجو، سیمتا افضال سید، سید تحسین عابدی، سیدہ عقربہ فاطمہ، مصطفی عبداللہ بلوچ، سیکریٹر اطلاعات ندیم الرحمان میمن نے شرکت کی۔ اجلاس میں حکومتی کے بیانیے، میڈیا تعلقات کے فروغ اور سندھ حکومت کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی موثر تشہیر کے لیے حکمت عملیوں پر جامع بحث کی گئی۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومتی ترجمان بہت بڑی ذمہ داری ہے، حکومت سندھ نے آپ کو یہ ذمہ داری سونپی ہے، حکومت چاہتی ہے کہ لوگوں کو عوام کے لئے حکومتی منصوبوں کے حوالے سے مکمل آگہی رہے۔