کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کےساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ماہر قانون اور سابق پراسیکیوٹر نیب عمران شفیق نے کہا ہے کہ فیصلہ بہت جاندار ہے،نیب کی انویسٹی گیشن اس کیس میں درست نظر آتی ہے،سینئر صحافی اور تجزیہ کار اعزاز سید نے کہا کہ جو بات چیت چل رہی تھی وہ آگے بھی چلے گی تاہم اس کا انحصار خان صاحب پر ہے کہ وہ رویہ کیسا رکھتے ہیں ،نمائندہ جیو نیوز لندن مرتضیٰ علی شاہ نے کہا کہ نیشنل کرائم ایجنسی کے لئے انتہائی شرمندگی کی صورتحال ہے، این سی اے اور پاکستان کے درمیان جس لیول کا تعاون تھا وہ بری طرح سے متاثر ہوا ہے، ماہر قانون اور سابق پراسیکیوٹر نیب عمران شفیق کا کہنا تھا کہ فیصلہ بہت جاندار ہے اس کے دو تین اہم پہلو ہیں پہلی بات نیب کی انویسٹی گیشن اس کیس میں درست نظر آتی ہے ۔ دوسرا پراسیکیوشن میں اس میں بہترتھی اور بہتری کی وجہ یہ تھی کہ اس میں نیب کے اپنے پراسیکیوٹر پر اعتماد کے بجائے امجد پرویز کو آگے کیا گیا اور تیسری بات یہ کہ جتنے بھی دفاع کے نکات تھے ان کا جواب جج صاحب نے دیا ہے ایسا نہیں ہوا کہ انہوں نے اہم نکات کو Skip کیا ہو ۔ اسی وجہ سے میری نظر میں یہ بہترین فیصلہ ہے جس میں نظر آتا ہے کہ تمام شواہد کو پوری فائل کو جانچ کر فیصلہ دیا گیا ہے ۔