گوادر (این این آئی) گوادر میں پاک ایران سرحدی تجارت میں رکاوٹوں کیخلاف مقامی افراد نے احتجاج کرتے ہوئے گبد کراس کے مقام پر مکران کوسٹل ہائی وے بلاک کر دی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کوسٹ گارڈز کی جیونی کی حدود میں ساحل کے قریب رکھے تیل بیوپاریوں کے 300 کین تیل قبضے میں لینے کے خلاف تیل بیوپاریوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور گبد کراس کے مقام پر مکران کوسٹل ہائی وے بلاک کردی جوکہ گزشتہ روز سڑک آمدورفت کیلئے نہیں کھل سکی تھی۔ احتجاج کے باعث پاک ایران سرحدی تجارت کے حوالے سے اہمیت کی حامل مصروف ترین شاہراہ کی تین دنوں سے بندش کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور مال بردارو دیگر مسافر گاڑیوں میں سوار افراد کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ تیل بیوپاریوں کا مطالبہ ہے کہ کوسٹ گارڈز انکے قبضے میں لئے گئے تیل کے 300کین واپس کر دے جن کی مالیت تیس لاکھ سے زائد ہے۔