• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بانی ایم کیو ایم کی قومی ترانہ پڑھنے کی اجازت طلبی کیس میں تفصیلات طلب

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائیکورٹ نے بانی ایم کیو ایم کی قومی ترانہ پڑھنے کی اجازت کی درخواست پر درخواست گزار سے لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت درخواست کی موجودہ تفصیلات طلب کرلیں۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس محمد شفیع صدیقی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو بانی ایم کیو ایم کی قومی ترانہ پڑھنے کی اجازت سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کی درخواست میں استدعا کیا ہے؟ درخواست گزار کے وکیل خورشید خان نے موقف اپنایا کہ بانی ایم کیو ایم کا میڈیا پر مکمل بلیک آوٹ کیا ہوا ہے۔ بانی ایم کیو ایم میڈیا پر قوم کے ساتھ قومی ترانہ پڑھنا چاہتے ہیں۔ چیف جسٹس محمد شفیع صدیقی نے ریمارکس دیئے کہ قومی ترانہ پڑھنا آپکا حق ہے۔ اس حق سے انکار کس نے کیا؟ کس نے انکار کیا وہ نوٹیفکیشن یا آرڈر دکھائیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ پیمرا نے نوٹیفکیشن کے ذریعے میڈیا پر بیان اور تصویر نشر کرنے پر پابندی عائد کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر پیمرا نے ہدایات جاری کی گئیں۔ بطور شہری آپ کو تمام حقوق حاصل ہیں۔ ہم لاہور ہائی کورٹ کے حکم نامے کے خلاف کس طرح فیصلہ دے سکتے ہیں؟ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ درخواست گزار کو لاہور ہائی کورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل فائل کرنی چاہئے۔ عدالت نے درخواست گزار سے لاہور ہائی کورٹ میں زیر سماعت درخواست کی موجودہ تفصیلات طلب کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔
اہم خبریں سے مزید