مقبوضہ بیت المقدس، غزہ (اے ایف پی، جنگ نیوز) اسرائیلی کابینہ نے حماس کیساتھ غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی منظوری دیدی ہے، صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو کے دفتر نے معاہدے کی منظوری کی تصدیق کردی ہے جو رواں ہفتے کے اختتام پر نافذ العمل ہوگا۔ اسرائیلی سیکورٹی کابینہ نے حکومت سے معاہدے کی منظوری کی سفارش کردی ہے، جنگ بندی اعلان کے بعد سے دو روز کے دوران جاری اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 113 ہوگئی ہے جس میں28بچے اور 31خواتین بھی شامل ہیں، اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے غزہ میں تقریباً 50اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ دوسری جانب ، مصر، قطر، امریکا اور اسرائیل کے مذاکرات کاروں نے جنگ بندی پر عمل درآمد کا مکینزم طے کرنے کیلئے قاہرہ میں ملاقات کی ہے جس کا اطلاق اتوار سے ہوگا۔ ذرائع نے بتایا کہ بات چیت کے دوران مذاکرات کاروں نے معاہدے کے مطابق غزہ کی پٹی میں روزانہ 600 امدادی ٹرکوں کے داخلے کی سہولت فراہم کرنے پر اتفاق کیا، مصر کی سرحد پر امدادی ٹرک غزہ میں داخلے کے منتظر ہیں، مصری وزارت خارجہ نے جمعرات کو انسانی امداد کی تیز، محفوظ اور موثر تقسیم کا مطالبہ کیا۔